(ویب ڈیسک) نیشنل سرٹ الرٹ نے پاکستان کی سرکاری ویب سائٹس پر بڑھتے ہوئے سائبر حملوں کے خطرات سے نمٹنے کیلئے مقامی طور پر تیار کردہ خودکار ویب مانیٹرنگ سسٹم فعال کر دیا۔
نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے 1500 سے زائد سرکاری ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز کی ریئل ٹائم نگرانی شروع کر دی، یہ سسٹم ویب سائٹس پر سائبر حملوں کی فوری نشاندہی کرتا ہے اور خطرہ سامنے آتے ہی متعلقہ اداروں کو خودکار الرٹس بھیجتا ہے۔
مانیٹرنگ کے تحت 1527 سرکاری اور اہم ویب سائٹس شامل ہیں، جن میں وفاقی حکومت کی 407، خیبرپختونخوا کی 282، پنجاب کی 209، سندھ کی 174 اور بلوچستان کی 108 ویب سائٹس شامل ہیں۔
مزید برآں، گلگت بلتستان کی 51 اور آزاد کشمیر کی 133 ویب سائٹس بھی سسٹم کے دائرہ کار میں ہیں۔
نجی شعبے اور بینکنگ سیکٹر کی ویب سائٹس بھی نگرانی میں شامل ہیں، جن کی تعداد بالترتیب 119 اور 44 ہے۔
