(لاہور نیوز) پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، بلیک مارکیٹنگ نے بھی سر اٹھا لیا۔
شہر میں برائلر اور دیگر پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ بلیک مارکیٹنگ کا سلسلہ ایک بار پھر زور پکڑ گیا ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق برائلر گوشت کی فی کلو قیمت میں 21 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے، جس کے بعد نئی سرکاری قیمت 461 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم شہریوں کو بازار میں صاف گوشت 540 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جو کہ سرکاری نرخ سے کہیں زیادہ ہے۔
ادھر زندہ برائلر کی قیمتوں میں بھی تضاد دیکھنے میں آیا ہے، فارم گیٹ ریٹ کے مطابق زندہ برائلر کی قیمت 290 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں یہی ریٹ 304 روپے فی کلو ہے، اس کے برعکس بلیک مافیا زندہ برائلر 310 روپے فی کلو تک دکانوں پر سپلائی کر رہا ہے، جبکہ پرچون مارکیٹ میں زندہ برائلر 318 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔
